نیو کراچی سیکٹر 5L میں ڈاکوؤں نے موبائل فون چھیننے کے دوران 18 سالہ نوجوان سعد جاوید کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ گھر کے قریب گلی میں پیش آیا جب سعد دوستوں کو کھانے کے لیے بلانے گیا تھا۔
ایس ایچ او بلال کالونی انور کے مطابق دو موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے نوجوان سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی۔ سعد نے فون بچانے کے لیے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی اور نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
سعد کے والد کے مطابق سعد نے چند دن قبل ہی قسطوں پر موبائل فون خریدا تھا گھر میں سعد کے چاچا کی منگنی کی تقریب چل رہی تھی سعد گھر سے کچھ فاصلے پر اپنے دوستوں کو کھانا کھانے کی دعوت دینے گیا تھا۔
واقعہ کے بعد لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس نے علاقے میں شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ لواحقین نے فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔