لاہور پولیس نے نجی یونیورسٹی کی طالبہ کی جانب سے خودکشی کی کوشش کے واقعے میں اہم پیش رفت کا اعلان کیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق طالبہ نے واقعے سے قبل ایک نوجوان سے تقریباً 27 منٹ تک فون پر بات کی تھی۔
پولیس نے مذکورہ نوجوان کی شناخت کر کے اسے حراست میں لے لیا ہے، جبکہ اس کا تفصیلی بیان ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ بیان کی روشنی میں تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ممکنہ طور پر پسند کی شادی سے متعلق تنازع سے جڑا ہوا ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کے تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق طالبہ کی حالت میں بہتری آ رہی ہے اور ڈاکٹروں کی جانب سے طبی طور پر مستحکم قرار دیے جانے کے بعد اس کا باضابطہ بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور کسی حتمی نتیجے پر پہنچنے سے قبل تمام شواہد کو مدنظر رکھا جائے گا۔