اسلام آباد میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف جاری مہم کے دوران اب تک ساڑھے 19 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کی ہدایت پر شروع کیے گئے اس کریک ڈاؤن کے تحت 9 ہزار 803 افغان شہریوں کو ان کے وطن واپس بھجوایا جا چکا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ملک بدر کیے جانے والوں میں 5 ہزار 45 مرد اور 2 ہزار 191 خواتین شامل ہیں، جبکہ دیگر افراد میں بچے بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق یہ کارروائیاں سیکیورٹی خدشات اور غیر قانونی رہائش کے خاتمے کے لیے کی جارہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں اور مشتبہ مقامات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی بلا تفریق جاری رہے گی۔
حکام کے مطابق یہ مہم آئندہ دنوں میں مزید تیز کی جائے گی تاکہ دارالحکومت میں غیر قانونی رہائش کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔