2026 میں پاکستان میں مہنگائی 6 فیصد تک پہنچنے کا امکان، اے ڈی بی

image

ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنی ایشیائی ترقیاتی آؤٹ لک رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت درمیانی مدت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور مالی سال 2026 میں ملک کی جی ڈی پی گروتھ 3 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان میں معاشی اصلاحات میں پیش رفت ہوئی ہے جس کے نتیجے میں معاشی استحکام اور بہتری کے آثار نمایاں ہیں۔

اے ڈی بی کے مطابق مالی سال 2026 میں مہنگائی کی شرح 6 فیصد تک بڑھنے کا خدشہ ہے جس کی بنیادی وجوہات میں گیس ٹیرف میں اضافہ اور حالیہ قدرتی آفات سے متاثرہ سپلائی چین شامل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک مہنگائی قابو میں رکھنے کے لیے محتاط مانیٹری پالیسی اپنائے گا۔

رپورٹ میں بار بار آنے والی قدرتی آفات اور حالیہ سیلاب کو معیشت کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ سیلاب سے انفرا اسٹرکچر اور زرعی اراضی کو نقصان پہنچا ہے جس سے ترقی کی رفتار متاثر ہوسکتی ہے۔ خوراک کی قیمتوں میں اضافے اور سپلائی چین کے دباؤ کو بھی شرح نمو کے لیے رکاوٹ قرار دیا گیا ہے۔

اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ مالی سال 2026 میں امریکا-پاکستان تجارتی معاہدے سے کاروباری اعتماد بحال ہوگا بیرونی زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی اور سرمایہ کاری میں اضافہ متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق بجٹ میں تعمیراتی شعبے کو دی گئی مراعات جزوی طور پر نقصانات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی اور یہ ترقی کے تسلسل کو سہارا دیں گی۔

اے ڈی بی نے زور دیا ہے کہ مستقل اصلاحات اور پالیسیوں پر مؤثر عمل درآمد سے نہ صرف معیشتی رفتار برقرار رکھی جاسکتی ہے بلکہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US