محکمہ ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا کے 20 افسران کو آن لائن کھلی کچہری میں غیر حاضری پر معطل کردیا گیا۔
محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پشاور کے عوام کے مسائل سننے اور تعلیمی معاملات کے فوری حل کے لیے آن لائن کھلی کچہری بلائی گئی تھی جس میں تمام متعلقہ افسران کو شرکت کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم متعدد افسران کی غیر حاضری کے باعث عوام کی کئی شکایات بروقت حل نہیں ہوسکیں۔
اعلامیہ کے مطابق اس غفلت اور سرکاری امور میں عدم دلچسپی کے باعث 20 افسران کو انضباطی قواعد کے تحت 120 دن کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔ معطل کیے جانے والے افسران میں مختلف ٹاؤنز اور سرکلز کے سب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور اسسٹنٹ سب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز شامل ہیں۔ جن میں ٹاؤن ون، ٹو، تھری، فور، حسن خیل، حیات آباد، بڈھ بیر، متھرا، داؤدزئی، تہکال اور ارمڑ کے افسران شامل ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق ان افسران کے خلاف چارج شیٹ اور الزامات کی تفصیلی فہرست علیحدہ جاری کی جائے گی۔ وزیرِ اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ابتدائی تعلیم محمد عاصم خان کے مطابق عوامی شکایات کا ازالہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، تمام انتظامی افسران کی کھلی کچہری میں شرکت لازمی ہے، عدم دلچسپی رکھنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محمد عاصم خان نے واضح کیا کہ عوامی سہولت اور مسائل کے فوری حل کے لیے کھلی کچہریوں میں شرکت ہر افسر کی بنیادی ذمہ داری ہے اور غفلت یا عدم دلچسپی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔