پشاور یونیورسٹی نے داخلہ مہم میں شدید کمی کے باعث اپنے نو تعلیمی شعبہ جات بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یونیورسٹی اعلامیے کے مطابق نئے سیشن میں ان شعبہ جات میں داخلے نہیں دیے جائیں گے کیونکہ داخل ہونے والے طلبہ کی تعداد 15 سے بھی کم رہی۔
بند کیے جانے والے شعبہ جات میں ڈویلپمنٹ اسٹڈیز، سوشیالوجی، سوشل اینتھروپالوجی، تاریخ (ہسٹری)، جغرافیہ، جیالوجی، ہوم اکنامکس اور دیگر سماجی و سائنسی مضامین شامل ہیں۔
یونیورسٹی حکام کے مطابق طلبہ کی دلچسپی میں نمایاں کمی کی بنیادی وجہ بڑھتی ہوئی فیسیں اور مالی بحران ہے جس کے باعث طلبہ سرکاری جامعات کی بجائے پرائیویٹ یونیورسٹیوں کا رخ کر رہے ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا کی کئی سرکاری جامعات مالی مشکلات سے دوچار ہیں اور وہ اخراجات پورے کرنے کے لیے شدید دباؤ کا سامنا کر رہی ہیں۔