ناراضی دور کرنے کے لیے نوابشاہ میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی بڑی بیٹھک

image

وفاقی حکومت اور مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ سطح کے وفد نے نوابشاہ میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد میں نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیرِ داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر اہم رہنما شامل ہیں۔ وفد نوابشاہ ایئرپورٹ سے سیدھا زرداری ہاؤس پہنچا جہاں صدر آصف علی زرداری نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں جماعتوں کے درمیان جاری کشیدگی ختم کرنے کے لیے مختلف تجاویز زیرِ غور آئیں۔ فریقین نے اتفاق کیا کہ دونوں پارٹیوں کے رہنما عوامی سطح پر ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے گریز کریں گے۔ذرائع کے مطابق حتمی فیصلہ اسلام آباد میں اعلیٰ قیادت کی موجودگی میں کیا جائے گا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے مصالحتی کردار کو سراہا جنہوں نے دونوں جماعتوں کے درمیان فاصلے کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ملاقات میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی اور ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کی تبدیلی کے امکان پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت علی حسن زہری کو بھی ہنگامی طور پر زرداری ہاؤس طلب کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US