اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شناخت کے قومی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے نئے قواعد کا اجراء کر دیا ہے۔ یہ قواعد "ڈیجیٹل آئیڈنٹیٹی ریگولیشنز" اور "نیشنل ڈیٹا ایکسچینج لیئر ریگولیشنز (NDEL)" پر مشتمل ہیں۔
نادرا کے مطابق ڈیجیٹل آئی ڈی ریگولیشنز کے تحت ملک بھر میں ایک مربوط اور محفوظ ڈیجیٹل شناختی نظام قائم کیا جائے گا، جس کے ذریعے شہری اپنی شناخت کی تصدیق کے بعد مختلف آن لائن سرکاری اور نجی خدمات تک بآسانی رسائی حاصل کر سکیں گے۔
اسی طرح نیشنل ڈیٹا ایکسچینج لیئر (NDEL) کے ذریعے حکومت اور نجی شعبے کے مجاز اداروں کے درمیان ڈیٹا کا محفوظ تبادلہ ممکن ہوگا، جس سے معلومات کے تبادلے کا عمل تیز، شفاف اور محفوظ بنے گا۔
نادرا حکام کے مطابق دونوں ریگولیٹری فریم ورکس ایک بااعتماد ڈیجیٹل نظام کی بنیاد فراہم کریں گے، جس سے خدمات کی فراہمی میں بہتری، ڈیجیٹل معیشت کے استحکام اور حکومت کی زیر قیادت ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل پر شہریوں کے اعتماد میں اضافہ متوقع ہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ یہ قواعد نادرا اتھارٹی بورڈ کی منظوری اور وزارتِ قانون کی توثیق کے بعد باقاعدہ طور پر جاری کیے گئے ہیں۔