موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کی مانگ میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے باعث ان کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف بازاروں میں خشک میوہ جات عام شہریوں کی پہنچ سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کینٹ میں چنوز کی قیمت 10 سے 12 ہزار روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے جبکہ مونگ پھلی 600 سے 800 روپے فی کلو، بادام 3 ہزار روپے فی کلو، کاغذی اخروٹ 1 ہزار روپے فی کلو اور پستہ 4 ہزار روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ موسم سرد ہوتے ہی مونگ پھلی کی فروخت میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے تاہم دیگر میوہ جات کی قیمتیں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
عالمی سطح پر خشک میوہ جات کی سالانہ طلب 50 لاکھ ٹن کے قریب ہے، جن میں سے پاکستان تقریباً 10 لاکھ ٹن برآمد کرتا ہے۔ پاکستان میں خشک میوہ جات کی بڑی پیداوار سوات، چترال اور گلگت بلتستان جیسے پہاڑی علاقوں سے حاصل کی جاتی ہے۔