فلپائن میں شدید زلزلہ.. شدت کیا تھی؟ سونامی وارننگ جاری

image

فلپائن کے جنوبی جزیرے مائنڈاناو کے ساحل کے قریب 7.4 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا جس کے بعد سونامی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔ زلزلے کے نتیجے میں ابتدائی طور پر متعدد عمارتوں کے نقصان کی اطلاعات ہیں۔

فلپائن کے زلزلہ پیما ادارے کے مطابق زلزلہ آج صبح 9 بج کر 43 منٹ پر صوبہ داؤاؤ اوریئنٹل کے علاقے مانائے کے قریب سمندر میں آیا۔ زلزلے کی گہرائی تقریباً 23 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کے بعد پیسفک سونامی وارننگ سینٹر نے اعلان کیا کہ فلپائن کے ساحلی علاقوں میں ایک میٹر تک اونچی لہریں پیدا ہوسکتی ہیں۔ بعد ازاں ادارے نے بتایا کہ فلپائن میں بڑا سونامی خطرہ ٹل گیا ہے تاہم انڈونیشیا، پالاؤ اور دیگر قریبی ممالک کے لیے وارننگ بدستور برقرار ہے۔

مقامی حکام کے مطابق زلزلے کے جھٹکے 30 سے 40 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے جس کے باعث عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ کئی مکانات، اسکول، گرجا گھر اور پل متاثر ہوئے جبکہ کئی سڑکیں اور شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند کردی گئیں۔

فلپائن کے صدر فرڈیننڈ مارکوس جونیئر نے حکام کو فوری ریسکیو ٹیمیں روانہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ حکومت نے متاثرہ ساحلی علاقوں کے مکینوں کو بلند مقامات پر منتقل ہونے اور تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ فلپائن دنیا کے خطرناک ترین خطے پیسفک رنگ آف فائر میں واقع ہے جہاں زلزلے اور آتش فشانی سرگرمیاں معمول کا حصہ ہیں۔ رواں ماہ کے آغاز میں سیبو جزیرے میں آنے والے 6.9 شدت کے زلزلے میں 74 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US