اینٹی نارکوٹکس فورس نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے تھائی لینڈ سے آنے والے برطانوی نژاد پاکستانی شہری کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائی کے دوران مسافر کے سامان کی تلاشی لی گئی جس میں مہارت سے چھپائی گئی 11.182 کلوگرام ویڈ اور 3.616 کلوگرام کینابِس برآمد کی گئی۔ بین الاقوامی منڈی میں ان منشیات کی مالیت تقریباً ایک کروڑ چھ لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ گرفتار ملزم پاکستان پہنچنے کے بعد یہ منشیات آزاد کشمیر اسمگل کرنے کا منصوبہ رکھتا تھا۔ دورانِ تفتیش اس نے بتایا کہ ڈھڈیال آزاد کشمیر میں اس کا ایک ساتھی موجود ہے جو تعلیمی اداروں کے طلباء اور نوجوانوں میں منشیات فروخت کرنے کے دھندے میں ملوث ہے۔
اے این ایف نے ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ اس کے سہولت کاروں اور نیٹ ورک کی تلاش کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔