بلوچستان کے وزیر علی حسن زہری نے سوشل میڈیا پر کردار کشی اور زمینوں پر قبضے کے الزامات پر صحافیوں اور سابق پولیس افسر کےخلاف مقدمہ درج کرا دیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے بلوچستان کے وزیر علی حسن زہری نے بلوچستان کے ضلع حب کے تھانہ بیروٹ میں صحافی اور یوٹیوبر فرحان ملک، اسامہ الطاف اور بلڈر حسن بخشی، ریٹائرڈ ایس ایس پی راؤ انوار سمیت دیگر کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کروا دیا ہے۔
مقدمہ علی اصغر زہری اٹارنی صوبائی وزیر بلوچستان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمےکے متن میں بتایاگیا کہ مذکورہ نامزد افراد نے علی حسن زہری کے خلاف میڈیا مہم شروع کی ہے، یو ٹیوب کے پروگرام "سسٹم" کے ذریعے ملزمان نے منتخب نمائندے کے خلاف میڈیا کمپین چلائی، جو سنگین جرم ہے، دیگر ملزمان میں سید ممتاز عالم، سید کاظم رضوی، فرید ڈلاری اور دیگر بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ یوٹیوب کے چینل میں سندھ سے تعلق رکھنے والے علی حسن زہری کے حوالے سے ایک پروگرام نشر کیا گیا، جس میں سندھ میں زمینوں پر قبضے کے حوالے سے بتایا گیا۔