اسلام آباد : تھانہ نون کے علاقے میں پولیس مقابلہ، دو ملزمان ہلاک

image

اسلام آباد کے علاقے تھانہ نون کی حدود میں پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دو گرفتار ملزمان کا اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان عابد یاسین اور ابرار خان چند روز قبل بلیو ایریا میں ڈائریکٹر لینڈ احسان الہٰی کے قتل اور قیصر اشفاق کو زخمی کرنے میں ملوث تھے۔

دونوں ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر رکھا تھا اور دورانِ تفتیش انہوں نے جرم کا اعتراف بھی کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آج ملزمان کی نشاندہی پر ٹیم انہیں ایک مقام پر لے گئی جہاں سے ان کے ساتھیوں کو گرفتار کیا جانا تھا۔ تاہم جیسے ہی پولیس ٹیم وہاں پہنچی، ملزمان کے ساتھیوں نے اچانک فائرنگ شروع کردی۔

پولیس کے مطابق جوابی حکمتِ عملی کے باعث تمام اہلکار محفوظ رہے، لیکن فائرنگ رکنے کے بعد دونوں گرفتار ملزمان گولیوں کا نشانہ بن کر موقع پر ہی ہلاک پائے گئے۔

واقعے کے بعد لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کے فرار ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ حملہ آور گروہ کے دیگر ارکان کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US