دکھ تو ہوتا ہی ہے لیکن۔۔ حارث وحید پہلی بار مریم فاطمہ سے طلاق کے متعلق بول پڑے

image

"میں اپنی طلاق کے لیے بالکل تیار نہیں تھا۔ مجھے نہیں معلوم کہ اداکاروں کے کام کے شیڈول ان کے رشتوں پر اثر ڈالتے ہیں یا نہیں، لیکن ہمارے معاملے میں ایسا نہیں تھا۔ یہ ایک ذاتی یا آپ کہہ سکتے ہیں باہمی فیصلہ تھا۔ زندگی میں مشکلات آنا کوئی غیر معمولی بات نہیں، کیونکہ زندگی کا اصل رنگ ہی یہی ہے۔ ہر انسان کسی نہ کسی مشکل سے گزرتا ہے. میں کوئی منفرد نہیں۔ ہاں، اُس وقت دکھ اور دباؤ ہوتا ہے، مگر یہ سب زندگی کا حصہ ہے۔ ہمیں جینا ہے، حالات کا سامنا کرنا ہے، اور ایک دن سب کو چلے جانا ہے۔ جو کچھ میرے ساتھ ہوا، وہ ہونا ہی تھا۔"

یہ الفاظ ہیں معروف پاکستانی اداکار حارث وحید کے، جنہوں نے پہلی بار اپنی طلاق کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔ احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ "ایکسکیوز می" میں گفتگو کرتے ہوئے حارث وحید نے اپنی زندگی کے مشکل دور کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے اور اداکارہ مریم فاطمہ کے درمیان علیحدگی ایک سوچا سمجھا فیصلہ تھا۔

حارث وحید نے کہا کہ وہ زندگی کو حقیقت پسندانہ انداز میں دیکھتے ہیں۔ ان کے مطابق، ہر انسان کو زندگی میں کسی نہ کسی مرحلے پر نقصان، دکھ یا جدائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، مگر اصل بات یہ ہے کہ انسان ہمت نہ ہارے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو کچھ ان کے ساتھ ہوا، وہ تقدیر کا حصہ تھا اور انہوں نے اسے قبول کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ حارث وحید اور مریم فاطمہ نے 2018 میں شادی کی تھی، تاہم 2022 میں دونوں نے راہیں جدا کر لیں۔ آج کل حارث وحید اپنے شاندار کردار "پامال" میں اداکاری کے باعث ناظرین سے خوب داد سمیٹ رہے ہیں، اور مداح ان کی پختگی اور نرمی بھرے انداز کے معترف ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US