معروف کامیڈین اسرانی 84 برس کی عمر میں چل بسے..

image

بھارتی فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار اور بے مثال مزاحیہ فنکار اسرانی 84 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شری گووردھن اسرانی طویل عرصے سے بیماری کا سامنا کر رہے تھے اور آج ممبئی میں ان کا انتقال ہوگیا۔ ان کے بھتیجے نے بھی ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کچھ عرصے سے شدید علیل تھے۔

پچاس سال سے زائد طویل فنی سفر میں اسرانی نے ہندی سنیما کو ایسے یادگار کردار دیے جنہوں نے انہیں ناظرین کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے زندہ کر دیا۔ انہوں نے تقریباً 350 فلموں میں مختلف نوعیت کے رول ادا کیے اور خاص طور پر اپنی کامیڈی ٹائمنگ اور منفرد اندازِ مکالمہ کے باعث بے حد پسند کیے گئے۔

1970 کی دہائی ان کے کیریئر کا سب سے روشن دور سمجھا جاتا ہے، جب انہیں فلم نگری میں ایک ایسے اداکار کے طور پر پہچانا جانے لگا جس پر بطور معاون فنکار مکمل اعتماد کیا جاتا تھا۔

انہوں نے 'میرے اپنے'، 'کوشش'، 'باورچی'، 'پریچے'، 'ابھی مان'، 'چپکے چپکے'، 'چھوٹی سی بات'، 'رفو چکر' اور 'شعلے' جیسی سپر ہٹ فلموں میں کام کیا۔ فلم شعلے میں جیلر کے کردار نے انہیں گھروں تک پہنچا دیا اور آج بھی ان کا یہ کردار فلمی تاریخ کے یادگار کرداروں میں شمار کیا جاتا ہے۔

بعد ازاں انہوں نے 'دھمال'، 'بھول بھلیّا' اور 'بنٹی اور ببلی 2' جیسی نئی نسل کی فلموں میں بھی اپنی موجودگی درج کروائی اور ہر بار اپنی فنکارانہ صلاحیتوں سے ثابت کیا کہ وہ مزاحیہ اداکاروں کی دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں۔

ان کے انتقال کی خبر نے شوبز حلقوں کو غمزدہ کر دیا ہے اور فلم انڈسٹری کی شخصیات نے ان کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بھارتی سنیما کی ایک لازوال شناخت قرار دیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US