راولپنڈی میں تھانہ گوالمنڈی کی حدود میں شہری پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آ گئی۔ واقعے میں ملوث مرکزی ملزم سمیت چھ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق گوالمنڈی کے ایک رہائشی علاقے میں سات افراد نے ایک شہری کو برہنہ کر کے لوہے کے پائپوں سے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔
سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس کو ہدایت دی کہ ملوث تمام افراد کو فوری گرفتار کیا جائے۔ پولیس نے رات بھر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت چھ افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق ابتدا میں کوئی شکایت درج نہیں کروائی گئی تھی تاہم ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کیا۔ ترجمان نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ملوث افراد کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔