محکمہ انسداد دہشت گردی نے حساس ادارے کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران پڑوسی ملک سے آپریٹ ہونے والے کالعدم زینبیون بریگیڈ کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں اسرار گلگتی اور معصوم رضا عرف عمران موٹا شامل ہیں جن میں سے معصوم رضا کا نام ریڈ بک میں بھی شامل ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ دونوں ملزمان پڑوسی ملک سے چلنے والے دہشت گرد نیٹ ورک کا حصہ ہیں جو کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
ان کے مطابق گرفتار دہشت گرد انس اور عبدالرحمان کے قتل میں براہِ راست ملوث ہیں۔ عبدالرحمان کو کورنگی جبکہ انس کو یونیورسٹی روڈ پر نشانہ بنایا گیا۔ مزید انکشاف ہوا ہے کہ ناگن چورنگی کے حالیہ واقعے کے تانے بانے بھی اسی گروہ سے جا ملتے ہیں۔
اظفر مہیسر کا کہنا تھا کہ کالعدم زینبیون بریگیڈ کا یہ نیٹ ورک پڑوسی ملک سے آپریٹ کیا جا رہا تھا اور اس کے بعض سہولت کار کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں سرگرم تھے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ نیٹ ورک کے دیگر کارندوں اور مالی معاونین تک رسائی حاصل کی جا سکے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں سے اسلحہ، حساس معلومات اور ڈیجیٹل ڈیوائسز برآمد کی گئی ہیں جنہیں فرانزک تجزیے کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔