وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایک نجی مال میں لڑکی سے مبینہ زیادتی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ تھانہ مارگلہ پولیس نے متاثرہ لڑکی کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق، متاثرہ لڑکی نے الزام عائد کیا ہے کہ فیصل جلال اور سید حفیظ اللہ نامی افراد نے نوکری کا جھانسہ دے کر اسے بلایا اور بعد ازاں زیادتی کا نشانہ بنایا۔ مقدمے میں مزید بتایا گیا ہے کہ جب لڑکی نے انکار کیا تو ملزمان نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا، اور اپنی جان بچانے کے لیے اس نے خود کو ایک کمرے میں بند کر لیا۔
تاہم، ملزمان نے کمرے کا دروازہ توڑنے کے بعد اندر داخل ہو کر مسلسل تشدد جاری رکھا۔ متاثرہ لڑکی کے بیان کے مطابق، ملزمان نے جنسی زیادتی اور جسمانی تشدد دونوں کیے اور واقعے کے بعد اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیتے رہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تفتیش اور قانون کے مطابق کارروائی کی جارہی ہے۔ تفتیش مکمل کرکے تمام شواہد اور ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔