پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران خودکش حملے کے لیے تیار کی جانے والی ایک گاڑی تباہ کردی۔
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ’آپریشن میں تین ’دہشت گردوں‘ کو ہلاک کردیا گیا۔‘
’سکیورٹی فورسز کو دہشت گردی کی ایک بڑی کارروائی اور ایک خودکش حملے کے لیے گاڑی تیار کرنے کی تیاری کی اطلاعات ملی تھیں۔‘
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’سکیورٹی فورسز نے جھلر کے علاقے میں کارروائی کر کے حملے کے لیے تیار کی جانے والی گاڑی کو تباہ کردیا۔‘
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ‘ہلاک ہونے والے دہشت گرد خودکش حملے کے لیے دھماکہ خیز مواد تیار کر رہے تھے۔‘
’پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوت سے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔‘
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’عزم استحکام کے تحت علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔‘