کلر سیداں کے علاقے سہوٹ بگیال میں اراضی تنازعے پر تصادم، 5 افراد زخمی

image

راولپنڈی کلر سیداں کے نواحی علاقے سہوٹ بگیال میں زمین کے پرانے تنازعے نے ایک بار پھر شدت اختیار کرلی، جب دو فریقین کے درمیان تصادم کے دوران ڈنڈوں، کلہاڑوں اور لاٹھیوں کے وار سے پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تصادم اس وقت شروع ہوا جب ایک فریق مبینہ طور پر متنازع زمین پر پہنچا۔ دوسرے فریق نے موقع پر موجود افراد پر اچانک حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں علاقے کا ماحول میدانِ جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔

عینی شاہدین کے مطابق جھگڑے کے دوران مرد و خواتین دونوں نے ایک دوسرے پر حملے کیے۔ منظر عام پر آنے والی ویڈیو فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں گروپوں کے لوگ ڈنڈے اور کلہاڑیاں لہراتے ہوئے ایک دوسرے پر حملہ آور ہیں، جبکہ کئی افراد خون میں لت پت زمین پر گرے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

زخمیوں میں شامل خاتون سبیہہ بی بی سمیت تمام زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان زمین کا تنازعہ کئی عرصے سے جاری ہے، جو کہ محکمہ مال میں بھی زیر سماعت ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ آج مدعی پارٹی کھیتوں میں پہنچی تو مخالف فریق نے انہیں حملے کا نشانہ بنایا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ کلر سیداں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں مزید کشیدگی کو روکنے کے لیے گشت بڑھا دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US