ہنگو میں دھماکا، ایس پی آپریشنز اسد زبیر سمیت 3 اہلکار شہید، 2 زخمی

image

خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں دہشت گردی کے دو واقعات میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر سمیت 3 پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہو گئے۔ دھماکوں کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق پہلا دھماکا ہنگو کے علاقے غلمینہ میں اس وقت ہوا جب نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔ خوش قسمتی سے چیک پوسٹ خالی ہونے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم کمرہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کی اطلاع پر ایس پی آپریشنز اسد زبیر اہلکاروں کے ہمراہ جائے وقوع کے معائنے کے لیے روانہ ہوئے، لیکن درابن کے مقام پر دہشت گردوں نے پولیس گاڑی کو ایک اور بارودی دھماکے کا نشانہ بنا دیا جس کے نتیجے میں ایس پی اسد زبیر اور دو اہلکار موقع پر ہی شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے۔

شہداء اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس کی بھاری نفری علاقے میں تعینات کر کے سرچ آپریشن جاری ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے ہیروز پر فخر کرتی ہے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے ایس پی آپریشنز اور اہلکاروں کی بہادری پر خراجِ عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

‎دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ہنگو بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر اعلیٰ نے امن و امان کی صورتحال پر اپیکس کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کرلیا۔

وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ ‎واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، ملوث عناصر کو ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے، بزدلانہ حملے سی ٹی ڈی اور پولیس کے حوصلے پست نہیں کرسکتے، شہید ایس پی آپریشنز اور دو پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، امن کے قیام کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

آئی جی خیبر پختونخوا نے ہنگو دھماکوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی شواہد دہشت گردوں کی منظم کارروائی کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔

مزید برآں خیبر میں زیڑئی پولیس چیک پوسٹ پر بھی دہشت گردوں نے دھماکے اور فائرنگ کی تاہم چیک پوسٹ رات کو خالی کرنے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔سیکیورٹی حکام کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں اور خطے میں ہائی الرٹ جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US