پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی نے بھاتر جھنگ روڈ پر واقع پنجاب اسمال انڈسٹریل اسٹیٹ میں سویاں بنانے والے ایک پروڈکشن یونٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 1200 کلوگرام ناقص اور آلودہ سویاں تلف کر دیں۔
ترجمان کے مطابق یونٹ میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات اور چھپکلیوں کے فضلات کی موجودگی پر 75 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پیداوار کے عمل میں غیر معیاری اجزا کا استعمال بھی پایا گیا جس سے خوراک کی صحت بخش فراہمی کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ثابت ہوئی۔
فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے صوبے بھر میں چیکنگ کا عمل جاری ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر معیاری خوراک یا کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔