کورکمانڈر پشاور کی وزیراعلیٰ ہاؤس آمد خوش آئند ہے، احمد کریم کنڈی

image

خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی نے سابق وزیرِ قانون آفتاب عالم کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی آج وہی فصل کاٹ رہی ہے جو اس نے خود بوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سیاسی تلخیوں کے بجائے مفاہمت کا راستہ اپنانا ہوگا، کیونکہ محاذ آرائی سے نقصان صرف عوام کا ہوگا۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو آج انہی پالیسیوں کا سامنا ہے جو انہوں نے خود رائج کیں۔ انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ کور کمانڈر پشاور وزیراعلیٰ ہاؤس گئے ہیں، یہ سول سپرمیسی کی علامت ہے۔

احمد کنڈی نے کہا کہ موجودہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ایک نئی روایت قائم کی ہے، کیونکہ سابق وزیراعلیٰ اپنی پوری کابینہ کے ساتھ کور کمانڈر ہاؤس جا کر مبارکباد دیتے تھے، مگر سہیل آفریدی نے خود کو اس روایت سے الگ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام سول بالادستی کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

اپنے خطاب میں احمد کنڈی نے کہا کہ برف پگھل رہی ہے اور ہم حل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امن و امان کے مسئلے پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے، جس میں ٹھوس فیصلے متوقع ہیں۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صوبے میں آٹے کی شدید قلت ہے، پنجاب نے ترسیل روک رکھی ہے، جبکہ کابینہ موجود نہیں جس کے باعث عوامی مسائل جوں کے توں ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ اگر ایوان میں ماحول گرم کیا گیا تو اس کا نقصان صوبے کے عوام کو ہوگا۔ انہوں نے حکومت اور اپوزیشن دونوں سے اپیل کی کہ محاذ آرائی اور تلخ بیانات کی سیاست کو پسِ پشت ڈال کر گفت و شنید اور افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک نازک مرحلے پر ہے، جہاں اسے چین، امریکا اور سعودی عرب کے ساتھ توازن پر مبنی تعلقات قائم رکھنے ہیں۔ اس کے لیے داخلی استحکام ضروری ہے۔

احمد کریم کنڈی نے کور کمانڈر پشاور کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سول سپرمیسی کا احترام کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کو خود مبارکباد پیش کی، جو ایک خوش آئند روایت ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بردباری اور سیاسی پختگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

احمد کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے کو اس وقت سیاسی ٹکراؤ نہیں بلکہ استحکام کی ضرورت ہے، تاکہ عوامی مسائل کے حل اور امن و ترقی کی راہ ہموار کی جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US