لاڑکانہ کے رشید وگن تھانے سے یو سی چئیرمین کی گولی لگی لاش برآمد ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یونین کاونسل رشید وگن کے چئیرمین شاہد شیخ نے تھانے کے اندر گولی مار کر خودکشی کی ہے جبکہ ورثا نے الزام لگایا کہ شاہد شیخ کو پولیس نے تھانے بلا کر قتل کیا ہے، پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لیے لاش اسپتال منتقل کردی۔ اطلاع ملتے ہی رکن سندھ اسمبلی عادل خان انڑ نے اسپتال پہنچ کر ورثا سے ملاقات کی۔
شاہد شیخ کے ورثا کا کہنا ہے کہ شاہد شیخ کو پستول چلانا بھی نہیں آتا تھا، جبکہ جس پستول سے اسے گولی لگی وہ بھی موجود نہیں اور شاہد شیخ کے کپڑے بھی پھٹے ہوئے ہیں۔
ورثا کی جانب سے پولیس پر قتل کے الزام کے بعد ایس ایس پی لاڑکانہ احمد فیصل چوہدری نے ڈی ایس پی صدر کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی، ایس ایس پی احمد فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ واقعہ قتل ہے یا خودکشی؟ تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔