وزیرِ اعظم شہباز شریف کا سعودی عرب کا دورہ مکمل، اقتصادی تعاون فریم ورک کا آغاز

image

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کرنے کے بعد ریاض سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔ ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز آل سعود نے پاکستانی وفد کو کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر الوداع کیا۔

دورۂ سعودی عرب کے دوران وزیرِ اعظم کی سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے اہم ملاقات ہوئی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اقتصادی تعاون فریم ورک کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔ یہ فریم ورک دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو نئی وسعت دینے میں سنگِ میل قرار دیا جارہا ہے۔

معاہدوں کے مطابق توانائی، صنعت، کان کنی، آئی ٹی، سیاحت، زراعت اور غذائی تحفظ سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔ نجی شعبے کی شمولیت اور دو طرفہ تجارت میں اضافے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران بجلی کی ترسیل اور توانائی کے شعبے میں تعاون سے متعلق یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ریاض میں منعقدہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کی 9ویں کانفرنس میں شرکت کی اور کیا انسانیت صحیح سمت کی طرف گامزن ہے کے موضوع پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے عالمی تعاون، انسانی فلاح اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیرِ اعظم نے سعودی وژن 2030 کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ مضبوط معاشی و ترقیاتی شراکت کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US