راولپنڈی: غیر قانونی مقیم افغانیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 110 زیر حراست

image

حکومتِ پنجاب کے خصوصی احکامات کی روشنی میں راولپنڈی پولیس نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران غیر قانونی مقیم افغانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 44 مقدمات درج کرلیے۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران 9 مالک مکان گرفتار کیے گئے جنہوں نے افغان باشندوں کو غیر قانونی طور پر مکان کرایہ پر دے رکھے تھے، جبکہ 110 غیر قانونی مقیم افغانیوں کو تحویل میں لے کر ہولڈنگ سینٹر منتقل کردیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ مقدمات مختلف تھانوں میں درج کیے گئے جن میں سٹی، پیر ودہائی، وارث خان، بنی، نیو ٹاؤن، صادق آباد، آر اے بازار، ریس کورس، واہ کینٹ، چکلالہ، ائیر پورٹ، ٹیکسلا، صدر واہ، سول لائنز، مورگاہ، نصیر آباد، مندرہ، جاتلی، صدر بیرونی، گوجرخان، دھمیال، کلر سیداں اور روات شامل ہیں۔

پولیس ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی کہ کسی بھی غیر قانونی مقیم غیر ملکی کو مکان، دکان یا کوئی جائیداد کرایہ پر نہ دیں اور نہ ہی کوئی گاڑی، رکشہ یا دیگر اشیاء ان کے حوالے کریں۔

مزید کہا گیا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے ساتھ کاروباری لین دین یا ملازمت دینا قابلِ گرفت جرم ہے۔ قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قریبی تھانے میں اپنی رجسٹریشن لازمی کرائیں۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد نظر رکھیں اور غیر قانونی مقیم افراد کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو فراہم کریں، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق شہریوں کی آگاہی کے لیے سوشل میڈیا پیغامات اور مساجد کے ذریعے اعلانات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US