اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلسِ شوریٰ اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف کراچی پہنچ گئے۔
اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایرانی اسپیکر کا پُرتپاک استقبال کیا۔ ایرانی وفد میں فدا حسین مالیکی، محمد نور دہانی، رحمدل بامیری اور دیگر اراکین شامل تھے۔ اویس قادر شاہ نے ڈاکٹر محمد باقر قالیباف کو خوش آمدید کہتے ہوئے گلدستہ پیش کیا، ایرانی قونصل جنرل اکبر عیسیٰ زادہ بھی ایرانی اسپیکر کے استقبال کے وقت موجود تھے۔
ایرانی اسپیکر اسلام آباد کے سرکاری دورے کے بعد کراچی پہنچے۔ ایرانی اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ سندھ کے عوام کی محبت اور مہمان نوازی ناقابلِ فراموش ہے۔
اسپیکر سندھ اسمبلی کے ہمراہ اراکین صوبائی اسمبلی میر طارق ٹالپور، منسٹر سوشل ویلفیئر سندھ قاسم سومرو اور محمد آصف موسیٰ، سیکریٹری جی ایم عمر فاروق اور ڈائریکٹر جنرل عرفان احمد میمن بھی موجود تھے۔
ایرانی پارلیمانی وفد بانیِ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر حاضری دیں گے۔
اسپیکر سید اویس قادر شاہ ایرانی اسپیکر کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے، عشائیے میں اراکین سندھ اسمبلی اور نمایاں شخصیات شرکت کریں گی۔
اسپیکر سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ سندھ اور ایران کے عوام کے درمیان صدیوں پرانے مذہبی و ثقافتی تعلقات قائم ہیں۔