الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کو اثاثہ جات و واجبات کے گوشوارے جمع کرانے کی حتمی تاریخ کی یاد دہانی کراتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مالی سال 2024-25 کے گوشوارے 31 دسمبر 2025 تک لازمی طور پر جمع کروائے جائیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت تمام اراکین اسمبلی و سینیٹ پر لازم ہے کہ وہ اپنے، اپنے شریک حیات اور زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کی تفصیل مجوزہ فارم – بی پر مکمل کر کے مقررہ تاریخ تک الیکشن کمیشن میں جمع کروائیں۔
ترجمان کے مطابق سیکشن 137 کے تحت ہر رکن کو 30 جون تک کے اثاثہ جات اور واجبات کی تفصیل ہر سال 31 دسمبر تک الیکشن کمیشن میں جمع کروانا ہوگی۔ جو اراکین مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہیں کروائیں گے، ان کے نام یکم جنوری کو پریس ریلیز کے ذریعے عام کر دیئے جائیں گے۔ 15 جنوری تک گوشوارے جمع نہ کرنے کی صورت میں 16 جنوری کو ایسے تمام اراکین کی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔ معطلی کے دوران وہ پارلیمنٹ یا اسمبلی کی کسی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ اگر کسی رکن کی جانب سے جمع کرائے گئے گوشواروں میں غلط معلومات یا جعلی انکشافات سامنے آئے تو الیکشن کمیشن 120 دن کے اندر قانونی کارروائی کر سکے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق فارم-بی اور رہنمائی مواد الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اسلام آباد، متعلقہ صوبائی دفاتر، قومی و صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹس، اور سینیٹ سیکریٹریٹ سے مفت حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، فارم-بی الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے۔