ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: افتتاحی میچ میں انگلینڈ کی سری لنکا کو 87 رنز سے شکست

image

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان انگلینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 87 رنز سے شکست دے دی۔

برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر 219 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ اوپنرز ایمی جونز اور ڈینی وائٹ ہوج نے 135 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ ایمی جونز 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔

اس کے بعد ڈینی وائٹ اور کپتان نیٹ شیور برنٹ نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے سری لنکن بولرز کو دباؤ میں رکھا۔ ڈینی وائٹ نے 61 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور 62 گیندوں پر 105 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں، جس دوران انہوں نے 13 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ نیٹ شیور برنٹ نے 46 رنز اسکور کیے۔

انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 219 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔ پوری ٹیم آخری گیند پر 132 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ نیلاک شیکا سلووا 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔

انگلینڈ کی جانب سے فریا کیمپ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سوفی ایکلسٹون اور چارلی ڈین نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US