فیفا فٹبال ورلڈکپ 2026 کے تیسرے میزبان ملک امریکا کے شہر لاس اینجلس میں بھی ایونٹ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، جس نے اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین کو محظوظ کر دیا۔
لاس اینجلس اسٹیڈیم میں میزبان امریکا اور پیراگوئے کے میچ سے قبل ہونے والی اس افتتاحی تقریب میں مختلف میوزیکل بینڈز نے شاندار پرفارمنسز پیش کیں، جن پر تماشائی جھوم اٹھے اور اسٹیڈیم میں بھرپور جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔
اس سے قبل ایونٹ کے دوسرے میزبان ملک کینیڈا میں بھی فیفا ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب منعقد ہو چکی ہے، جس کے بعد میزبان کینیڈا اور بوسنیا کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر رہا تھا۔
واضح رہے کہ فٹبال کے سب سے بڑے عالمی ایونٹ کی پہلی افتتاحی تقریب میکسیکو میں منعقد ہوئی تھی، جہاں شاندار رنگا رنگ شو نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔ اس تقریب میں عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا اور برنا بوائے کی پرفارمنس نے اسٹیڈیم کا سماں باندھ دیا تھا اور دنیا بھر میں شائقین فٹبال کو جھومنے پر مجبور کر دیا تھا۔