چیئرمین پی سی بی کا کرکٹ سسٹم میں اصلاحات کا اعلان

image

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کرکٹ کے نظام میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ سنٹرل کنٹریکٹ، سلیکشن اور کھلاڑیوں کی ترقی کا عمل زیادہ تر کمپیوٹرائزڈ اور میرٹ پر مبنی ہوگا۔

لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ریڈ بال کیمپ کا جائزہ لیا گیا ہے اور آئندہ ایک دو روز میں کرکٹ سے متعلق کئی اہم فیصلے سامنے آئیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کے روز ٹی ٹوئنٹی، ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کے لیے جامع پالیسی کو حتمی شکل دی جائے گی۔

چیئرمین پی سی بی کے مطابق سنٹرل کنٹریکٹ اور سلیکشن کے نظام سے انسانی مداخلت کو بڑی حد تک ختم کیا جا رہا ہے اور 85 فیصد امور کو خودکار نظام کے تحت لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مستقبل میں وہی کھلاڑی سنٹرل کنٹریکٹ اور قومی ٹیم کا حصہ بن سکے گا جو ڈومیسٹک کرکٹ میں باقاعدگی سے شرکت کرے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ کھلاڑیوں کے لیے فٹنس، ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت اور کارکردگی تین بنیادی معیار ہوں گے، جن پر پورا اترنے والے ہی قومی ٹیم اور کنٹریکٹ کا حصہ رہ سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لیے الگ الگ کیٹیگریز متعارف کرائی جا رہی ہیں جبکہ اب ایسا کھلاڑی نہیں ہوگا جو بیک وقت ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی دونوں فارمیٹس میں شامل ہو۔ اس کے علاوہ ایمرجنگ کھلاڑیوں کے لیے بھی خصوصی کیٹیگری بنائی گئی ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے اعلان کیا کہ قومی اور ڈومیسٹک کرکٹ دونوں کی میچ فیسوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ مالی مشکلات کا شکار باصلاحیت کھلاڑیوں کی بھی مکمل معاونت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کپتان کے انتخاب اور ٹیم سلیکشن کا اختیار سلیکٹرز اور کرکٹرز پر مشتمل پینل کے پاس ہوگا اور وہ خود سلیکشن کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بعض فیصلوں نے قومی ٹیم کو نقصان پہنچایا اور اب نظام کو مکمل طور پر پیشہ ورانہ خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ وہ سابق کپتان یونس خان سمیت مختلف سابق کرکٹرز سے رابطے میں ہیں تاکہ کرکٹ کے معاملات میں تجربہ کار شخصیات کی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ہدف پاکستان کرکٹ کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا، ڈومیسٹک نظام کو مستحکم بنانا اور پی ایس ایل کو مزید بہتر بنانا ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کرکٹ کو درست سمت پر گامزن کیا جائے گا اور بورڈ مالی طور پر پہلے سے زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US