ڈسٹرکٹ کونسل مٹیاری میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا انکشاف، نیب نے چیئرمین سمیت دیگر افسران کے خلاف اعلیٰ سطح کی تحقیقات شروع کردی۔
نیب کا کہنا ہے کہ 2019 سے لے کر اب تک سرکاری فنڈز میں بڑے پیمانے پر مبینہ خورد برد کی گئی ہے، غیر قانونی اور جعلی بھرتیاں کر کے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔
نیب نے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل مٹیاری مخدوم احمد زماں کو خط لکھ دیا، انہیں ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
نیب نے خط میں لکھا ہے کہ 2019 سے لے کر اس وقت تک جاری کیے گئے تمام ٹینڈرز کا ریکارڈ فراہم کیا جائے، منصوبوں کی ٹیکنیکل سینکشن اور ایڈمنسٹریشن اپروول پلان کی کاپی فراہم کی جائے، ترقیاتی کاموں کے ایگریمنٹ کاپی بھی فراہم کی جائے، ٹھیکے داروں کو ادا کی گئی رقم کی تفصیلات بھی فراہم کی جائے۔
نیب ذرائع کے مطابق 2019 سے لے کر اب تک ترقیاتی کاموں کے فنڈز میں اربوں روپے کی کرپشن کی گئی ہے، ڈسٹرکٹ کونسل مٹیاری میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی شکایات کے بعد نیب ایکشن میں آگیا ہے۔
نیب نے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل مٹیاری مخدوم احمد زماں کو ذاتی طور پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔