ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی تاحال ایشین کرکٹ کونسل کے دبئی دفتر میں تالا بند ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی ہے جس میں اے سی سی کے دفتر کا منظر دکھایا گیا ہے اور اس میں نظر آرہا ہے کہ ایشیا کپ کی ٹرافی ایک کمرے میں بند دروازے کے پیچھے پڑی ہے اور اس دروازے کو لاک کیا گیا ہے۔
حالیہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں بھی بھارتی کرکٹ بورڈ اپنی اس کوشش میں ناکام ہوگیا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی کو دباؤ میں ڈال کر ٹرافی حاصل کرلے۔
محسن نقوی جو پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ بھی ہیں، نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو دو ٹوک بتا دیا ہے کہ اگر انہوں نے ٹرافی وصول کرنی ہے تو ان کے قومی ٹیم کے کچھ کھلاڑی اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیداران کو انہی سے ٹرافی وصول کرنی پڑے گی۔
22 ستمبر کو ہونے والے ایشیا کپ فائنل میں بھارت نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی لیکن اس کے بعد پریزنٹیشن تقریب میں محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا تھا اور کچھ دیر بعد ٹرافی کو اے سی سی دفتر پہنچا دیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا اور کچھ سیاست دان اور سابق کھلاڑیوں نے اسے بھارتی کرکٹ بورڈ کی بڑی کمزوری اور ہار قرار دیا کہ وہ آئی سی سی میٹنگ میں بھی ایشیا کپ کی ٹرافی لینے میں ناکام رہے۔