ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق اردن کے شاہ عبداللہ دوم آج پاکستان پہنچیں گے جہاں وہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے گہرے، برادرانہ اور تاریخی تعلقات کا مظہر ہے اور اس سے پاکستان اور اردن کے اسٹریٹیجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
دورے کے دوران شاہ عبداللہ دوم صدرِ پاکستان اور وزیراعظم شہباز شریف سے الگ الگ اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی امور، سلامتی، تجارت اور تعاون کے نئے مواقع زیرِ بحث آئیں گے۔
ترجمان کے مطابق شاہ عبداللہ دوم کے اعزاز میں ایوانِ صدر میں خصوصی تقریب بھی منعقد کی جائے گی، جس میں انہیں پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز پیش کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس دورے سے پاکستان اور اردن کے تعلقات ایک نئے مرحلے میں داخل ہوں گے۔