تلہ گنگ کے گاؤں سگھر میں یادگارِ شہداء کی افتتاحی تقریب

image

تلہ گنگ کے نواحی گاؤں سگھر میں مقامی عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت یادگارِ شہداء تعمیر کر کے وطنِ عزیز کے بہادر سپوتوں کو منفرد انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

14 نومبر کو اس یادگار پر پروقار اور ولولہ انگیز تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں علاقے کے معززین، سابق عسکری افسران اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران شرکاء نے مادرِ وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہداء کے لیے محبت، احترام اور عقیدت پر مبنی جذبات کا اظہار کیا۔

گاؤں سگھر کو شہداء اور غازیوں کی سرزمین کہا جاتا ہے جہاں کے 30 بہادر سپوتوں نے وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ ان میں 25 پاک آرمی اور 5 پاک فضائیہ کے شہداء شامل ہیں، جب کہ اس گاؤں کی پہچان اس کے 766 غازی ہیں جنہوں نے پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ میں مختلف ادوار میں خدمات انجام دیں۔

تقریب میں ورثائے شہداء میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔ تقریب نہ صرف شہداء کی قربانیوں کا اعتراف تھی بلکہ اہلِ سگھر کے جذبۂ حب الوطنی، اتحاد اور عزمِ مصمم کی زندہ مثال بھی بنی۔

تقریب کے دوران مختلف سابق عسکری اہلکاروں نے اپنے جذبات بیان کیے، نائیک (ر) غلام محمد نے کہا کہ میں نے 71 کی جنگ لڑی ہے اور آج بھی ملک کے لیے جان دینے کو تیار ہوں۔ چیف وارنٹ آفیسر (ر) ملک ملازم حسین کا کہنا تھا کہ ہم نے گاؤں کی عوام کے تعاون سے یادگارِ شہداء تعمیر کی ہے۔ ہمارا گاؤں شہیدوں اور غازیوں کی دھرتی ہے۔ ہمارے 28 شہداء ہیں۔ صوبیدار (ر) اعجاز حسین نے کہا کہ ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت یادگارِ شہداء بنائی ہے۔ ہمارے آج بھی تقریباً 700 غازی ہیں جو افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہم اپنے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

گاؤں سگھر کی یہ تقریب اس بات کا ثبوت ہے کہ اہلِ پاکستان اپنے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کرتے اور ان کی قربانیاں قوم کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US