اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، سیکیورٹی، دفاعی منصوبوں سے متعلق اہم فیصلے

image

وزارتِ خزانہ و محصولات میں وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں قومی سلامتی، دفاعی ضروریات، غذائی تحفظ اور پیٹرولیم سیکٹر سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں وفاقی وزارت داخلہ و انسدادِ منشیات کی سفارش پر وفاقی سول آرمڈ فورسز کے دفاعی ساز و سامان کی مرمت و دیکھ بھال کے لیے 100.3 ملین روپے کے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ (TSG) کی منظوری دی گئی۔

اسی وزارت کی ایک اور سمری پر بارڈر کنٹرول، داخلی سیکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے لیے 841.56 ملین روپے کے اضافی TSG کی بھی منظوری دی گئی۔

دفاع ڈویژن کی سفارش پر ECC نے دفاعی خدمات کے منظور شدہ منصوبوں کے لیے 50 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ منظور کرلی۔

مزید برآں، وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے PASSCO کے مرحلہ وار خاتمے اور نئے اسپیشل پرپز وہیکل (SPV) کے قیام سے متعلق سمری پر غور کیا گیا۔ کمیٹی نے SPV کے قیام، 10 لاکھ روپے کے ابتدائی پیڈاپ کیپٹل اور اتھارائزڈ کیپٹل میں کمی کی منظوری دے دی، جو تنظیم کے باقاعدہ بند کیے جانے کے عمل کو آسان بنائے گی۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے آفشور آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن بلاکس کے لائسنس میں توسیع اور ورکنگ انٹرسٹ کی منتقلی سے متعلق تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ ECC نے بیرونِ ملک کمپنیوں کی سرمایہ کاری اور شرکت بڑھانے کے لیے یہ تمام تجاویز منظور کرلیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان سمیت متعلقہ وزارتوں اور ریگولیٹری اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US