ایس آئی ایف سی کی مؤثر حکمتِ عملی اور ایس ای سی پی کی ڈیجیٹل اصلاحات کے باعث پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے رجحان میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جاری کردہ حالیہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں 14 ہزار 802 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن مکمل کی گئی، جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 72 ہزار 918 تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی ٹی اور ای۔کامرس کا شعبہ 670 کمپنیوں کے ساتھ سب سے آگے رہا، جبکہ رجسٹرڈ کمپنیوں میں 59 فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں شامل ہیں۔
غیر ملکی سرمایہ کاری کے میدان میں بھی مثبت رجحان سامنے آیا ہے، جہاں 30 سے زائد ممالک کے عالمی سرمایہ کاروں نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے 332 نئی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی۔
ڈیجیٹل رسائی کے فروغ کے لیے ایس ای سی پی کی اصلاحات کے نتیجے میں کمپنی رجسٹریشن کا عمل 250 سے زیادہ شہروں اور 30 فیصد قصبوں تک پھیل چکا ہے، جس سے کاروبار کے آغاز کا طریقہ کار نہ صرف تیز بلکہ مزید آسان اور شفاف ہوگیا ہے۔
کاروباری ماحول کی بہتری میں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کا کردار کلیدی قرار دیا جا رہا ہے۔ ایس آئی ایف سی کی سرپرستی سے ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع میں توسیع، کاروباری سرگرمیوں میں تیزی اور عالمی سطح پر نئی شراکت داریوں کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ایس آئی ایف سی کی فعال پالیسیوں نے پاکستان کو سرمایہ کاری اور کاروباری توسیع کے ایک نئے دور میں داخل کر دیا ہے۔