غیر رجسٹرڈ موبائل کبھی بھی بند ہو سکتا ہے... جانیے کیا آپ کا فون بھی خطرے میں ہے؟

image

پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ موبائل فون کسی بھی وقت بلاک ہو سکتے ہیں اس لیے صارفین فوری طور پر اپنی ڈیوائسز رجسٹر کروائیں۔

پی ٹی اے کے مطابق ملک میں بڑی تعداد میں ایسے موبائل فون استعمال ہو رہے ہیں جو کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکس کی ادائیگی کے بغیر منگائے گئے جس کی وجہ سے ان کی قیمت کم ہوتی ہے اور کم آمدنی والے صارفین انہیں ترجیح دیتے ہیں۔ تاہم، ڈی آئی آر بی ایس سسٹم کے تحت صرف وہی موبائل فون نیٹ ورک پر چل سکتے ہیں جو باضابطہ طور پر رجسٹرڈ ہوں۔

ترجمان پی ٹی اے نے کہا ہے کہ غیر رجسٹرڈ موبائل فون کسی بھی وقت نیٹ ورک سے منقطع کیے جا سکتے ہیں۔ شہری #06#* ڈائل کر کے اپنے فون کا 15 ہندسوں پر مشتمل آئی ایم ای آئی نمبر حاصل کریں اور اسے پی ٹی اے کی ویب سائٹ یا 8484 پر ایس ایم ایس کے ذریعے چیک کریں کہ فون رجسٹرڈ ہے یا نہیں۔

پی ٹی اے نے صارفین پر زور دیا کہ بلاک ہونے سے پہلے ہی اپنے فون کی رجسٹریشن مکمل کر لیں تاکہ نیٹ ورک اور سروسز کا استعمال بغیر کسی رکاوٹ جاری رہ سکے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ذمہ دار ڈیجیٹل شہری کی حیثیت سے صرف وہی ڈیوائسز استعمال کی جائیں جو باضابطہ طور پر منظور شدہ ہوں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US