اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ ورلڈ اربنائزیشن پروسپیکٹس 2025 کے مطابق کراچی اپنی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی بدولت آنے والے برسوں میں دنیا کے بڑے شہروں میں نمایاں مقام حاصل کر لے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2025 سے 2030 کے درمیان کراچی دنیا کے ٹاپ ٹین میگا سٹیز میں شامل ہو جائے گا اور 2050 تک شہر کی آبادی تقریباً 3 کروڑ 30 لاکھ تک پہنچ کر دنیا کے پانچویں بڑے شہر کی فہرست میں شامل ہو سکتی ہے۔ اس سے کراچی آبادی کے اعتبار سے قاہرہ، ٹوکیو، چین کے گوانگزو، فلپائن کے منیلا اور بھارت کے کولکتہ کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔
1975 میں دنیا میں صرف 8 بڑے شہر تھے جو 2025 میں بڑھ کر 33 ہو گئے جن میں سے 19 شہر ایشیا میں ہیں۔ اندازوں کے مطابق 2050 تک دنیا میں بڑے شہروں کی تعداد 37 ہو جائے گی۔
رپورٹ میں کراچی کی گنجان آبادی پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے جہاں فی مربع کلومیٹر 25 ہزار افراد آباد ہیں جبکہ دنیا کے زیادہ گنجان آباد شہروں میں یہ دباؤ 20 ہزار سے زیادہ ہے۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ دنیا تیزی سے شہری طرز زندگی کی طرف بڑھ رہی ہے اور 1950 میں صرف 20 فیصد لوگ شہروں میں رہتے تھے جو آج 45 فیصد تک پہنچ چکے ہیں۔ 2000 سے 2025 کے درمیان شہری آبادی میں 1.25 ارب افراد کا اضافہ ہوا جس میں بھارت، چین، نائیجیریا، پاکستان اور امریکا کا مجموعی حصہ 50 کروڑ سے زیادہ ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی پیشگوئی کی گئی ہے کہ عالمی دیہی آبادی 2040 کی دہائی میں بلند ترین سطح پر پہنچ کر بعد میں بتدریج کم ہونا شروع ہو جائے گی اور دنیا کی سب سے بڑی شہری آبادی چین اور بھارت ہی برقرار رکھیں گے۔