فیصل آباد میں کیمیکل فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سےدھماکا، 15 افراد جاں بحق، 7 زخمی

image

فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے ہونے والے دھماکے نے بڑے سانحے کی صورت اختیار کر لی، واقعے میں 15 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کے بعد فیکٹری میں آگ لگ گئی اور عمارت مکمل طور پر زمیں بوس ہو گئی جبکہ ملحقہ گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں۔

ابتدائی طور پر ملبے سے 14 لاشیں نکالی گئیں جبکہ ایک زخمی اسپتال میں دم توڑ گیا۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ریسکیو 1122 کی 5 گاڑیاں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اطراف کے گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ایک گھر کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور ان کے دو بچے جاں بحق ہوئے۔ مجموعی طور پر جاں بحق افراد میں بچے، خواتین، بزرگ اور فیکٹری کا عملہ شامل ہے۔

ڈپٹی کمشنر فیصل آباد ندیم ناصر موقع پر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا ممکنہ طور پر گیس لیکیج کے باعث ہوا۔

آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ریسکیو ٹیموں سے مکمل تعاون کی ہدایت کر دی ہے جبکہ پولیس کی خصوصی ٹیمیں بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US