کیڈٹ کالج پسروُر میں پہلی سالانہ پریڈ کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں کمانڈر گوجرانوالہ کور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
مہمان خصوصی کی آمد پر کالج کے پرنسپل، اساتذہ اور کیڈٹس نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ، دیگر افسران اور فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔
تقریب کا آغاز روایتی پریڈ سے ہوا، جہاں کیڈٹس نے شاندار نظم و ضبط، مہارت اور عسکری روایات کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ کیڈٹس نے مارچ پاسٹ، فزیکل ٹریننگ، اور جوڈو کراٹے کے عملی مظاہروں کے ذریعے اعلیٰ ڈسپلن اور تربیت کا ثبوت دیا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل کیڈٹ کالج نے کور کمانڈر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اُن کی آمد کیڈٹس کے لیے اعزاز اور حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔