حکومتِ بلوچستان کے محکمہ داخلہ نے ضلع کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کے تحت متعدد سرگرمیوں پر 22 دسمبر 2025 تک پابندی عائد رہے گی۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع بھر میں اسلحہ کی نمائش و استعمال، خواتین و بچوں کے علاوہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، گاڑیوں پر سیاہ شیشوں کا استعمال اور بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کی آمدورفت پر پابندی ہوگی۔ اسی طرح پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، ریلیاں اور جلوس نکالنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
محکمہ داخلہ نے عوامی مقامات پر چہرہ چھپانے کے لیے مفلر یا ماسک کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی ہے جبکہ تیزاب اور دھماکا خیز مواد کی نقل و حمل مکمل طور پر ممنوع قرار دی گئی ہے۔
پولیس، لیویز اور ایف سی کو پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد کرانے کے لیے خصوصی اختیارات فراہم کیے گئے ہیں اور خلاف ورزی کی صورت میں دفعہ 188 تعزیرات پاکستان سمیت دیگر قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
حکم نامے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ روزانہ کی بنیاد پر ان پابندیوں کے نفاذ سے متعلق رپورٹ محکمہ داخلہ کو ارسال کریں۔