بنوں کے تھانہ ہوید کی حدود میں واقع شیخ لنڈک پولیس چوکی پر گزشتہ رات دہشتگردوں نے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے شدید حملہ کیا، تاہم پولیس اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔
پولیس کے مطابق جوابی فائرنگ میں دہشتگردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا، جبکہ متعدد دہشتگردوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ تین گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ میں پولیس کے پانچ اہلکار رحمن اللہ، محمد خالد، افسر علی، ناصر اور دوست محمد معمولی زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈی آئی جی بنوں سجاد خان کی ہدایت پر ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کی سربراہی میں اضافی نفری، اے پی سی، کیو آر ایف اور آر آر ایف موقع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن کیا۔ اس دوران علاقے کی امن کمیٹی، مقامی مشران اور عوام بھی اسلحہ اٹھا کر پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہوگئے اور حملہ پسپا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ڈی آئی جی اور ڈی پی او بنوں نے پولیس اور عوام کی جرات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بنوں پولیس ہر محاذ پر دہشتگردی کے خلاف پہلی دفاعی لائن ہے، اور پولیس و عوام کے باہمی تعاون سے دشمن کبھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔
ڈی پی او یاسر آفریدی نے اسپتال جا کر زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بنوں پولیس نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ کم وسائل کے باوجود دہشتگردوں کے سامنے مضبوط دیوار بن کر کھڑی ہے۔
یاد رہے کہ دہشتگردوں نے چوکی پر درجن سے زائد مختلف نوعیت کے حملے کیے، جن میں کواڈ کاپٹر ڈرون کے ذریعے حملے، بارود سے بھری زرنج رکشہ ٹکرانے کی کوشش اور متعدد سمتوں سے گھیر کر فائرنگ شامل تھی، تاہم پولیس نے ہر بار بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنایا۔