ملتان میں گھریلو جھگڑے نے خوفناک صورت اختیار کرلی، جہاں مشتعل شوہر نے بیوی اور ساس پر تیزاب پھینک کر انہیں شدید زخمی کردیا۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق تیزاب حملے میں شدید زخمی ہونے والی دونوں خواتین کو فوری طور پر ریسکیو اہلکاروں نے نشتر اسپتال منتقل کیا، جہاں طبی عملہ ان کا علاج جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کے جسم کا 5 فیصد جبکہ اس کی والدہ کا 8 فیصد حصہ جھلسا ہے۔ دونوں خواتین کی حالت فی الحال خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعہ گھریلو ناچاقی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ تیزاب حملے سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
اہلِ علاقہ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خواتین کے لیے انصاف اور ملزم کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔