بلوچستان: ضلع موسیٰ خیل میں لوگوں کو انگاروں سے گزارنے پر 6 ملزمان گرفتار

image

بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں چوری کے شبے میں مقامی افراد کو دہکتے انگاروں پر چلانے کے المناک اور انسانیت سوز واقعہ پر وزیرِاعلیٰ کے نوٹس کے بعد واقعہ میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق مزید دو ملزمان کی نشاندہی مکمل کرلی گئی ہے جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے غیر انسانی اقدامات کے خلاف ریاستی رٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل رزاق خان خجک نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گلہ جان نامی ایک دکاندار نے بیس ہزار روپے کی مبینہ چوری کے الزام میں چھ افراد پر شک ظاہر کیا تھا جس کے بعد مقامی سطح پر ایک چھوٹے سے جرگے نے غیر قانونی طور پر مشتبہ افراد کو دہکتے انگاروں پر چلانے کا فیصلہ کیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق غلام محمد نامی شخص نے اس رسم کے لیے دہکتا ’’الاؤ‘‘ تیار کیا۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق تمام ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا باضابطہ آغاز کردیا گیا ہے اور کسی کو قبائلی رسم و رواج کے نام پر انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکام نے واضح کیا کہ ریاستی قانون بالاتر ہے اور ایسے واقعات کے تدارک کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US