اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے قریب منشیات اسمگلنگ کے خلاف چھ کارروائیاں کیں، جن کے دوران 10 ملزمان کو گرفتار کر کے 94.98 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جس کی مالیت 76 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
پشاور یونیورسٹی کے قریب ایک ملزم سے 130 گرام وزنی 200 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔اسلام آباد میں ایک گاڑی سے 3.600 کلوگرام چرس برآمد اور دو ملزمان گرفتار ہوئے۔گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کر رہے تھے۔
علاوہ ازیں پشین میں ایک گاڑی سے 84 کلوگرام چرس برآمد ہوئی اور 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا،کراچی میں انڈس چورنگی پر موٹر سائیکل سوار سے 4.450 کلوگرام چرس برآمد اور 2 ملزمان گرفتار ہوئے۔
ایک اور کارروائی میں اٹک ہارو ٹول پلازہ پر گاڑی سے 2.400 کلوگرام چرس برآمد اور 2 ملزمان گرفتار جبکہ اسلام آباد منڈی موڑ پر بس ٹرمینل کے قریب ایک ملزم سے 400 گرام چرس برآمد ہوئی۔تمام کارروائیوں کے بعد مقدمات انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔