مردان میں غیر قانونی سگریٹ سازی کے خلاف کارروائی، لاکھوں کلو کچا تمباکو برآمد

image

خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں ایف بی آر کی جانب سے غیر قانونی سگریٹ سازی کے خلاف کارروائی کی گئی، اس دوران بھاری مقدار میں کچا تمباکو برآمد کرلیا گیا۔

ایف بی آر ذرائع نے بتایا کہ خیبر ٹوبیکو کمپنی کے گوداموں سے 27 لاکھ 50 ہزار کلو گرام کچا تمباکو برآمد کیا گیا ہے، جس پر واجب الادا ایکسائز ڈیوٹی ایک ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق اس غیر قانونی تمباکو سے سگریٹ تیار ہونے کی صورت میں قومی خزانے کو 19 ارب روپے کے نقصان کا خدشہ ہے، تمام قانونی کارروائی مکمل کر کے گودام سیل کردیا گیا، جبکہ اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے غیرقانونی سگریٹ سازی کیخلاف کارروائی کی کمپنی مالکان نے مخالفت کی اور ٹیکس ادائیگی کے دستاویزی ثبوت میڈیا کے سامنے پیش کردیے، جس میں اکتوبر میں 2 لاکھ 50 ہزار کلوگرام تمباکو ایکسپورٹ کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ایکسپورٹ رسیدوں پر ایف بی آر انسپکٹر کے دستخط موجود ہونے کا مؤقف پیش کرتے ہوئے انتظامیہ نے کہا کہ فیکٹری میں مختلف سرکاری اداروں کے اہلکار تعینات ہیں، جبکہ فیکٹری کی تمام سرگرمیاں سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹر کی جا رہی ہیں۔

فیکٹری مالکان نے کہا کہ ایف بی آر نے ٹیکس شرح فی کلو 10 روپے سے بڑھا کر 390 روپے کردی، ٹیکس اضافے کے خلاف کیس ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے، عدالتی احکامات کے مطابق ٹیکس عدالت میں جمع کرایا جا رہا ہے، مبینہ غیر قانونی کارروائی سے ایکسپورٹ معاہدے متاثر ہونے کا خدشہ منڈلانے لگا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US