مقابلے میں مارنے کی دھمکی دیکر شہری کو لوٹنے والے 2 اہلکار گرفتار

image

پولیس مقابلے میں پار کرنے کی دھمکی دے کر شہری کو لوٹنے والے 2 پولیس اہلکاروں کو آخرکار گرفتار کرلیا گیا۔

لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں خود کو سی سی ڈی اہلکار ظاہر کرکے دو باوردی پولیس اہلکاروں نے شہری کو پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کی دھمکی دی اور اس سے لاکھوں روپے لوٹ لیے۔

متاثرہ شہری مسعود الحق نادر کے مطابق 11 دسمبر کی شام نجی یونیورسٹی کے پارکنگ گیٹ کے سامنے پولیس اہلکاروں نے اسے روکا۔ اہلکاروں نے اپنا تعلق سی سی ڈی سے ظاہر کیا اور بعدازاں شہری کو موٹرسائیکل پر بٹھا کر نرسری کے قریب ویران مقام پر لے گئے۔

شہری کے مطابق اہلکاروں نے اسے پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کی دھمکی دی اور اسلحہ کے زور پر اس کے بینک کارڈ اور موبائل فون قبضے میں لے لیے۔ ایک اہلکار نے قریبی اے ٹی ایم سے 95 ہزار روپے نکلوائے جبکہ موبائل فون کے ذریعے شہری کے بینک اکاؤنٹ سے مزید پانچ لاکھ روپے اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرلیے۔

واقعے کی اطلاع پر پولیس نے مدعی مسعود الحق کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا اور دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں یاسر فلائنگ اسکواڈ کا اہلکار جبکہ وقار ایس پی یو میں تعینات ہے۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US