پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا، بنگلا دیش کو 8 وکٹوں سے شکست

image

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشیا کپ انڈر 19 مینز ون ڈے ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ سیمی فائنل میں پاکستان نے دفاعی چیمپئن بنگلا دیش انڈر 19 کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث جمعہ کے روز کھیلا جانے والا یہ سیمی فائنل 27 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس پر بنگلا دیشی ٹیم 26.3 اوورز میں 121 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

بنگلا دیش کی جانب سے سمیع النبصیر 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کپتان عزیزالحکیم نے 20 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے عبدالسبحان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 20 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل وہ بھارت کے خلاف 3 اور متحدہ عرب امارات کے خلاف 4 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ حذیفہ احسن نے 2 جبکہ علی رضا، محمد صیام اور احمد حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں پاکستان انڈر 19 نے ہدف 16.3 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پاکستان کی اننگز میں سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 69 رنز اسکور کیے۔ انہوں نے عثمان خان کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 85 رنز جوڑے۔ عثمان خان 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ احمد حسین 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر عبدالسبحان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اب پاکستان انڈر 19 ٹیم 21 دسمبر کو فائنل میں روایتی حریف بھارت انڈر 19 کا سامنا کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US