بھارت کے سلیکٹرز نے دفاعی چیمپین ٹیم کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں سب کو سب سے زیادہ حیران کرنے والی خبر یہ ہے کہ نائب کپتان شبمن گل کو شامل نہیں کیا گیا۔
ہفتے کو اعلان کیے گئے اسکواڈ میں سوریہ کمار یادو کو کپتان اور اکثر پٹیل کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ شبمن گل کو حالیہ ٹی ٹونٹی سیریز میں نائب کپتان بنایا گیا تھا جس میں بھارت نے ساؤتھ افریقا کو تین ایک سے شکست دی۔ تاہم بھارتی ٹیم کے ذرائع نے بتایا کہ اکثر پٹیل ان فٹ ہونے کی وجہ سے گل کو نائب کپتان بنایا گیا تھا۔
شبمن گل کی غیر موجودگی میں نامور اوپنر سنجو سیمسنگ کو ٹیم میں جگہ ملی جنہوں نے جمعہ کو کھیلے گئے آخری میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اس ورلڈ کپ اسکواڈ میں واپسی کرنیوالے کھلاڑیوں میں وکٹ کیپر بیٹسمین ایشان کشن بھی شامل ہیں جنہوں نے حالیہ مشتاق علی ٹی ٹونٹی ٹرافی کے فائنل میں سنچری بنائی تھی۔
بھارتی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کی مکمل فہرست میں سنجو سیمسنگ، ایشان کشن، ہاردک پانڈیا، شیوم ڈوبے، اب شک شرما، تلک ورما، رنکو سنگھ، سندر، کلدیپ یادو، جسپریت بمراہ، اشدیپ سنگھ، ہرش رانا اور ورن چکرورتی شامل ہیں۔